لاہور ہائی کورٹ نے فاؤنڈیشن یونیورسٹی کی زکوٰۃ کٹوتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منافع بخش ذیلی ادارے پر زکوٰۃ لاگو ہوگی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے فلاحی ٹرسٹ کے تحت منافع بخش ذیلی ادارے پر زکوٰۃ لاگو کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے فاؤنڈیشن یونیورسٹی کی درخواست مسترد کی، جس میں نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس پر زکوٰۃ کٹوتی کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا کہ فاؤنڈیشن یونیورسٹی زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 کے تحت فلاحی ادارے کی تعریف پر پورا نہیں اترتی۔ جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں بینچ نے قرار دیا کہ یونیورسٹی ایک خودمختار کارپوریٹ ادارہ ہے جسے مالی خودمختاری حاصل ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی چونکہ فلاحی وقف کے تحت قائم ٹرسٹ کی سرپرستی میں ہے، اس لیے اسے زکوٰۃ سے استثنیٰ دیا جائے۔ تاہم، عدالت نے قرار دیا کہ قانونی شرائط پوری نہ کرنے پر استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔
فیصلے کے مطابق، فاؤنڈیشن یونیورسٹی کی نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری پر لازمی زکوٰۃ کٹوتی برقرار رہے گی اور وزارت مذہبی امور کا مؤقف درست مانا گیا ہے۔















