پاکستان کی غربت کی شرح 29 فیصد تک پہنچ گئی، 7 کروڑ افراد انتہائی غربت کا شکار ہیں۔ دولت کی عدم مساوات میں بھی اضافہ ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ کر 29 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ 11 برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔ سرکاری سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 7 کروڑ افراد کی آمدنی محض 8,484 روپے تک محدود ہے۔
رپورٹ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جاری کی، جس میں کہا گیا کہ گزشتہ 7 برسوں کے دوران حقیقی آمدنی اور اخراجات میں بڑی کمی ہوئی ہے۔ 2018-19ء سے 2024-25ء تک غربت میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
غربت کی موجودہ شرح 28.9 فیصد ہوگئی، جو 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ دولت کی عدم مساوات 32.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو 1998 کے بعد ایک نئی بلند سطح ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ غربت میں اضافہ آئی ایم ایف پروگرام اور روپے کی گراوٹ کی وجہ سے ہوا، جبکہ کورونا اور قدرتی آفات نے بھی اثر ڈالا۔
دیہی علاقوں میں غربت 36.2 فیصد اور شہری علاقوں میں 17.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی غربت میں اضافہ ہوا ہے۔














