کراچی کے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے 14 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت میں گیس بھرنے کے باعث دھماکا ہوا جس سے 14 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکا صبح 4 بجے کے قریب ہوا اور اس کی وجہ گیس لیکج تھی جس سے عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔ ریسکیو ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت تین منزلہ تھی اور ہر منزل پر ایک کمرہ موجود تھا۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔ اب تک 14 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈئیر واجد نے کہا کہ دھماکا پہلی منزل پر ہوا تھا اور ممکنہ طور پر گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کی خرابی سے ہوا۔ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔















