اسلام آباد کے امام بارگاہ حملے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو وزیراعظم کی جانب سے 50 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے گئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں 6 فروری کو امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم کے چیک فراہم کیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے 36 جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس 50 لاکھ روپے کے چیک دیے گئے۔ تونسہ شریف، تلہ گنگ، ستور اور سکردو سے تعلق رکھنے والے افراد کے لواحقین کو بھی چیک پہنچائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے 11 فروری کو امام بارگاہ کے دورے کے دوران ہر جاں بحق افراد کے ورثاء کو 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ 6 فروری کو نماز جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 36 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔















