رمضان سے قبل لاہور میں پھل، سبزی اور پولٹری کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، شہریوں نے منافع خوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رمضان سے پہلے لاہور میں پھل، سبزیوں اور پولٹری کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں کے باوجود منڈیوں میں اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں جس سے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
بازار ذرائع کے مطابق ہر سال کی طرح اس بار بھی رمضان سے پہلے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض پیداواری حلقوں اور بیوپاریوں نے سپلائی محدود کر کے نرخ بڑھا دیے۔ کیلے اور امرود کی طلب بڑھنے کے باعث ان کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ اے گریڈ کیلے سرکاری طور پر 200 سے 230 روپے فی درجن مقرر تھے مگر مارکیٹ میں 300 سے 350 روپے میں فروخت ہوئے۔ بی گریڈ کیلے 125 سے 140 روپے کے بجائے 200 سے 250 روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔ امرود جو 138 سے 145 روپے فی کلو مقرر تھے، اکثر مقامات پر 200 سے 250 روپے فی کلو فروخت ہوئے۔
مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی فرق دیکھا گیا۔ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 309 سے 323 روپے فی کلو مقرر تھی مگر دستیابی محدود رہی۔ مرغی کا گوشت سرکاری طور پر 468 روپے فی کلو مقرر تھا لیکن بازاروں میں 500 سے 550 روپے تک فروخت ہوا جبکہ بغیر ہڈی گوشت 800 روپے فی کلو یا اس سے زائد میں دستیاب رہا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نرخ ناموں پر عملدرآمد کے لیے نگرانی جاری ہے تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ عملی سطح پر قیمتیں کنٹرول نہیں ہو رہیں۔ واضح رہے کہ رمضان کے آغاز سے قبل اشیائے خورونوش کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے اور ہر سال قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا ہے۔














