لاہور میں لیسکو کی کارروائی سے 55 لاکھ کی بجلی چوری پکڑی گئی، ملزمان گرفتار۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوروں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے، جس میں 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی بجلی چوری پکڑی گئی۔
پولیس نے ایکسیئن گلشن راوی اور ایس ڈی او کے ساتھ مل کر بند روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے شاپنگ بیگ فیکٹری میں بوگس میٹرز کے ذریعے بجلی چوری کو بے نقاب کیا۔
ترجمان لیسکو نے بتایا کہ انڈر گراؤنڈ کیبل بچھا کر دوسری فیکٹری کو بھی بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ غیر قانونی کیبلز اور بوگس میٹرز کو تحویل میں لے لیا گیا اور ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد یونٹس کا ڈیٹکشن بل جاری کیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔















