جماعت اسلامی نے پولیس تشدد کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر کراچی میں پولیس نے شیلنگ کی تھی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی پر پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 50 کارکن لاپتا ہیں اور کراچی میں دس مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
پولیس نے جماعت اسلامی کا ساؤنڈ سسٹم لگا ٹرک قبضے میں لے کر جماعت اسلامی کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے الزام لگایا کہ کارکنوں پر 5 سال پرانے زہریلے آنسو گیس شیل استعمال کیے گئے، جس سے متعدد کارکن زخمی ہوئے ہیں۔
سندھ کے سنیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے باعث گرفتار کرنا پڑا۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے 14 فروری کو کراچی کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔















