کوئٹہ میں بسنت کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہریوں نے سرکاری سطح پر فیسٹیول کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کوئٹہ میں آج سے بسنت کا تہوار روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر بھر میں پتنگ بازی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور پتنگ مارکیٹوں میں رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بچے، نوجوان اور بزرگ پتنگیں اور مضبوط ڈور خریدنے میں مصروف ہیں۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازار خریداروں سے بھرے ہوئے ہیں اور دکانداروں کے مطابق اس بار بسنت کا جوش پہلے سے زیادہ ہے۔ نوجوان اپنی مہارت دکھانے کے لیے بے تاب ہیں اور آسمان کو رنگوں سے بھرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ لاہور کی طرز پر کوئٹہ میں بھی سرکاری سطح پر بسنت فیسٹیول منعقد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو محفوظ اور مثبت سرگرمیوں کا موقع ملے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں سال بھر میں یہی بڑا میلہ ہوتا ہے اور سرکاری سرپرستی سے خوشیاں دوبالا ہو سکتی ہیں۔
سماجی حلقوں نے احتیاط کی اپیل کی ہے کیونکہ ماضی میں ہوائی فائرنگ اور خطرناک ڈور سے قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سخت نگرانی اور واضح ایس او پیز نافذ کیے جائیں تاکہ بسنت خوشیوں، رنگوں اور حفاظت کے ساتھ منائی جا سکے۔















