اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ موسکا برادران کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اٹلی نے 2 بھائیوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی تاریخی فتح حاصل کرلی۔
گروپ سی کے میچ میں نیپال کی ٹیم 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں اٹلی نے موسکا برادران کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
اٹلی کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم نیپال کے خلاف ٹیم بالکل مختلف روپ میں نظر آئی۔
نیپال کی ٹیم سست اور محتاط بیٹنگ کے باعث 123 رنز پر آؤٹ ہوئی اور اٹلی کے اوپنرز جسٹن موسکا اور انتھونی موسکا نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا موقع تھا جب 2 بھائیوں نے اننگز کا آغاز کیا، اور موسکا برادران نے ناقابلِ شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اٹلی نے نیپال کا 124 رنز کا ہدف 12.4 اوورز میں پورا کیا، جسٹن موسکا 60 اور انتھونی موسکا 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
اٹلی اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، جبکہ نیپال ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے پوائنٹس حاصل کرنے کی امید رکھے گا۔















