وزیراعظم شہباز شریف نے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کی اپیل کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم پاکستان نے تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر ہر قسم کی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شہباز شریف نے عالمی منظر نامہ پر مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت دیرینہ حل طلب تنازعات میں ریاستی ظلم و جبر اور بنیادی حقوق کی پامالی کو بھی انتہا پسندی قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں قومی عزم کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن پسند دین ہے جو اعتدال، روا داری اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے۔ نوجوان نسل کو تعلیم، مواقع اور مثبت سوچ فراہم کر کے انتہاپسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں اور یہ انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو کمزور کرتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔














