ترکیہ کی پارلیمنٹ میں وزیر انصاف کی تقرری پر ہنگامہ آرائی، اپوزیشن کا احتجاج۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ میں وزیرِ انصاف کی تقرری پر پارلیمنٹ کے اندر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ آکن گرلگ کی وزیرِ انصاف تقرری کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ایوان میں سخت احتجاج کیا، جس کے دوران بعض ارکان کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
اپوزیشن ارکان نے آکن گرلگ کی تقرری کو متنازع قرار دیتے ہوئے انہیں حلف اٹھانے سے روکنے کی کوشش کی، جس سے ایوان کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ آکن گرلگ ماضی میں بطور چیف پراسیکیوٹر اپوزیشن کے خلاف کارروائی کر چکے ہیں، اس لیے ان کی تقرری سیاسی طور پر جانبدارانہ ہے۔
حکومتی ارکان نے صدر رجب طیب اردوان کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آکن گرلگ نے قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دی ہیں اور ان کی تقرری آئینی طریقہ کار کے تحت ہوئی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس تقرری کے بعد ترکیہ کی سیاست میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔












