اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دورۂ واشنگٹن کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی اور غزہ بورڈ آف پیس میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال ہوا۔
نیتن یاہو نے غزہ بورڈ آف پیس سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے، جس کے بعد اسرائیل کی اس فورم میں شمولیت باضابطہ طور پر مؤثر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا محور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات ہیں۔
غزہ بورڈ آف پیس کے ابتدائی چارٹر پر دستخط کی تقریب جنوری کے آخر میں سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقد ہوئی تھی، جس میں 17 ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے کہا گیا کہ وہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے صدر ٹرمپ کی دعوت قبول کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے غزہ کی ایگزیکٹو بورڈ کی تشکیل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس نے دیگر ممالک کو بھی شمولیت کی دعوت دی تھی، مگر پولینڈ اور اٹلی نے شمولیت سے انکار کردیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہا ہے۔













