وزیر اعظم شہباز شریف نے امام بارگاہ دھماکے کے متاثرین کے لئے امداد کا اعلان کیا۔ شہدا کے لواحقین کو 50 لاکھ اور زخمیوں کو 30 لاکھ روپے ملیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اس افسوسناک واقعے پر غمزدہ ہے اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوان عون عباس کی قربانی کو سنہرے حروف میں یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر اعظم نے مسلمانوں میں تفریق کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ شہدا کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 30 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔













