پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جو 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جو 3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی دوران امریکا سے 1.62 ارب ڈالر کا سامان درآمد کیا گیا۔ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تجارتی حجم 4.61 ارب ڈالر رہا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی برآمدات میں 3 سے 4 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ امریکا کو بھیجی جانے والی مصنوعات کی مالیت 3 ارب ڈالر رہی۔ اس عرصے میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 4 فیصد اضافے سے 2 ارب 47 کروڑ ڈالر ہوئیں، جبکہ مینوفیکچرنگ اور مائننگ کی برآمدات میں 3 فیصد اضافہ ہوا۔
زرعی اور غذائی اشیاء کی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ہوا، جو 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ سال پاکستان نے امریکا کو مجموعی طور پر 5.28 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی تھیں، جبکہ مجموعی دوطرفہ تجارت کا سالانہ حجم 8.71 ارب ڈالر تھا۔
تاہم، امریکا اور یورپی یونین کی بھارتی ڈیل کے بعد پاکستانی برآمدات پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے، کیونکہ پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف کی شرح 19 فیصد جبکہ بھارتی مصنوعات پر 18 فیصد ہے۔














