بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا قوانین سخت کر دیے، اب غیر قانونی مواد 3 گھنٹوں میں ہٹانا ہوگا۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی مواد کی نشاندہی کے بعد 3 گھنٹوں کے اندر اسے ہٹانے کا حکم دیا ہے، جو اس سے قبل 36 گھنٹے تھا۔ یہ تبدیلیاں بھارت کے 2021 کے آئی ٹی قوانین میں ترمیم کے ذریعے کی گئی ہیں۔
اس فیصلے سے میٹا، یوٹیوب اور ایکس جیسی کمپنیوں کے لیے قوانین کی پابندی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔ ترمیم شدہ قانون میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے حوالے سے بھی نرمی کی گئی ہے۔ نئے قواعد کا اطلاق 20 فروری سے ہوگا۔
غیر قانونی مواد ہٹانے کی مدت میں کمی کو بھارت کی جانب سے آن لائن اظہارِ رائے پر کنٹرول کی کوششوں میں تازہ اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔ اس پالیسی پر ڈیجیٹل حقوق کے حامی حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی ہے۔
بھارت کے آئی ٹی قوانین حکومت کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ قومی سلامتی، امنِ عامہ اور جنسی جرائم سمیت مختلف قوانین کے تحت غیر قانونی قرار دیے گئے مواد کو ہٹانے کا حکم دے سکے۔ بھارت نے حالیہ برسوں میں ہزاروں مرتبہ سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔












