نیپرا میں نئے سولر نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیپرا میں نئے سولر نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت سماعت میں پاور ڈویژن کی درخواست پر غور ہوا، جس میں پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز کی تجویز دی گئی، ساتھ ہی کراس سبسڈی کم کرنے کا بھی کہا گیا۔
پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے حکام نے نیپرا سے درخواست کی کہ فکسڈ چارجز دونوں پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر لاگو کیے جائیں۔ موجودہ نظام کے تحت صرف 300 یونٹ سے زائد کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز ہیں، جبکہ نئے ریگولیشنز میں ماہانہ 100 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے اور 200 یونٹ والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز کی تجویز ہے۔
پہلے صرف 300 یونٹ سے زائد کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد تھے، جبکہ اب نئے ریگولیشنز کے تحت 100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے اور 200 یونٹ تک پر 300 روپے فکسڈ چارجز کی تجویز دی گئی۔ سماعت میں بتایا گیا کہ 700 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں کمی کر کے 675 روپے کرنے کی تجویز ہے۔














