نئی تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ ایپل واچ کا ہائی بلڈ پریشر فیچر باقاعدہ طبی ٹیسٹ کا متبادل نہیں بن سکتا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ ایپل واچ میں موجود ہائی بلڈ پریشر کی علامات کی نشاندہی کرنے والا فیچر باقاعدہ طبی ٹیسٹ کا متبادل نہیں بن سکتا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صحت سے متعلق الرٹس کے لیے صرف اس ڈیوائس پر انحصار کرنا خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے غلط تسلی ملنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ لوگوں کو روایتی بلڈ پریشر مشین کے ذریعے باقاعدگی سے بلڈ پریشر چیک کرواتے رہنا چاہیے۔
ایپل کمپنی نے بھی واضح کیا ہے کہ اس کا ہائی بلڈ پریشر نوٹیفکیشن فیچر کسی بھی بیماری کی تشخیص، علاج یا نگرانی کے لیے نہیں بنایا گیا۔ یہ فیچر ہائی بلڈ پریشر، خون کے لوتھڑے، فالج، ایٹریئل فبریلیشن، دل کی کمزوری یا کولیسٹرول جیسے مسائل کی تشخیص یا مینجمنٹ میں مدد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔















