جامعہ کراچی کے طلبا نے دل کے دورے کی پیشگی خبرداری ڈیوائس بنائی جو متعدد علامات کی بنیاد پر الرٹ جاری کرتی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جامعہ کراچی کے فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کے طلبا نے کم لاگت میں دل کے دورے سے قبل خبردار کرنے والی ڈیوائس تیار کرلی ہے۔ یہ ڈیوائس کارڈیو وِٹ نامی ہے جو دل کی غیر معمولی دھڑکن، کم آکسیجن لیول، جسمانی درجہ حرارت کی تبدیلی اور ٹھنڈے پسینے جیسی علامات کی بیک وقت موجودگی پر خبردار کرتی ہے۔
پروجیکٹ ٹیم لیڈر عبدالحنان ظفر نے بتایا کہ ڈیوائس میں مائیکروکنٹرولر استعمال کیا گیا ہے جو مختلف سینسرز سے ڈیٹا حاصل کرکے تجزیہ کرتا ہے۔ ڈیوائس میں لیتھیم آئین بیٹری اور گرافک سسٹم سمیت دل کی دھڑکن اور آکسیجن لیول کے لیے MAX30102، ای سی جی کے لیے AD8232 اور دیگر سینسرز نصب ہیں۔
طالبہ مریحہ سلیم نے کہا کہ یہ ڈیوائس پاکستان میں پہلی بار بنائی گئی ہے جو متعدد علامات کی بنیاد پر الرٹ جاری کرتی ہے۔ ہانیہ جمال نے بتایا کہ دل کے دورے کی علامات کی کمی کی وجہ سے مریضوں کا بروقت علاج نہیں ہو پاتا، اسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے یہ ڈیوائس بنائی گئی ہے۔
عبداللہ فہیم کے مطابق مستقبل میں اس ڈیوائس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس شامل کی جائے گی، تاکہ اس کو مزید اپڈیٹ کیا جاسکے۔ بینش اصغر نے کہا کہ اس ڈیوائس کا مقصد بیماری کی تشخیص نہیں بلکہ مریض کو بروقت خبردار کرنا ہے۔
حاجرہ فہیم نے کہا کہ حکومتی تعاون کے ذریعے اس ڈیوائس کو بڑے پیمانے پر تیار کیا جا سکتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریض فائدہ اٹھا سکیں۔















