پنجاب میں بسنت کے موقع پر 20 ارب روپے کا کاروبار ہوا، جس سے معیشت کو فروغ ملا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ بسنت کے موقع پر پنجاب میں 20 ارب روپے سے زائد کا کاروبار ہوا، جس سے صوبائی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچا۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ بسنت کے دوران پتنگ اور ڈور کا کاروبار تین ارب روپے سے تجاوز کر گیا، جبکہ بانس، کاغذ، مزدوری اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی بھرپور روزگار حاصل کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسوسی ایشن نے کہا کہ بسنت کی بحالی سے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا اور تہوار خیریت سے مکمل ہوا۔ تاہم اسلام آباد میں پیش آنے والے سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔
ایسوسی ایشن نے بتایا کہ بسنت کے لیے حکومت کے ساتھ ایس او پیز تیار کیے گئے اور 10 لاکھ سے زائد سیفٹی راڈز نصب کی گئیں۔ کچھ مواقع پر قیمتوں میں اضافہ ہوا، مگر ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب کے چار اضلاع میں پتنگ اور ڈور کی پروڈکشن کی اجازت دی گئی تھی، تاہم دھند کی وجہ سے پروڈکشن متاثر ہوئی۔ آئندہ سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے گی اور حکومت پروڈکشن کے عمل کو مزید کنٹرول کرے گی۔















