پشاور کے شہریوں نے چوہوں کی بڑھتی تعداد کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دی ہے، ناقص صفائی اور سیوریج نظام کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور کے مختلف علاقوں میں چوہوں کی بڑھتی تعداد کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست ورسک روڈ، چارسدہ روڈ، بشیر آباد اور دیگر علاقوں کے شہریوں نے دی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور ناقص سیوریج انتظامات کی وجہ سے چوہوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
درخواست گزاروں نے حکومت اور انتظامیہ سے متعدد بار رابطہ کیا، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ 2016 میں بھی یہ مسئلہ پیش آیا تھا جب چوہوں کے کاٹنے کے واقعات میں بے حد اضافہ ہوا تھا۔
درخواست میں کہا گیا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایسے 423 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں چوہوں نے انسانوں کو کاٹا تھا۔ درخواست میں صوبائی حکومت، محکمہ صحت، ڈی سی، چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔















