وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لئے ایک ڈھال ہے۔ اطالوی اور یورپین حکام نے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لئے ایک ڈھال ہے۔ ان سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپین کمشنر میگنس برنر نے رابطہ کر کے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ المناک واقعہ کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا، اٹلی کی حکومت اور اپنی جانب سے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
یورپین کمشنر نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی پر اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان دنیا کے لئے ایک ڈھال ہے اور آج دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔














