راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی ہڑتال کی کال کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، 4200 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی ٹی آئی کی ہڑتال کی کال کے باعث راولپنڈی میں سیکیورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے شہر بھر میں 4200 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کو منظم رکھا جا سکے۔
شہر میں 82 مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں اور داخلہ و خارجی راستوں پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔ تمام سینئر افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سی پی او خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈبل سواری پر پابندی ہے اور شہر میں موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن کی ٹیمیں گشت کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی شرانگریزی یا قانون شکنی کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔














