ایمی درور نے نیتن یاہو خاندان پر چوری اور نافرمانی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس میں بیٹے کے والد پر حملے کا ذکر بھی شامل ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے سابق سکیورٹی چیف ایمی درور نے نیتن یاہو خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا کہ نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ چوری کے جنون میں مبتلا ہیں اور ان کے بیٹے یائر نیتن یاہو نے اپنے والد پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد اسے میامی منتقل ہونا پڑا۔
ایمی درور کا کہنا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو ریستورانوں میں بل ادا نہیں کرتے تھے اور اخراجات اپنے عملے پر ڈال دیتے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سارہ نیتن یاہو گھر میں طاقت کا اصل مرکز بن چکی ہیں اور انہوں نے بنیامین نیتن یاہو کو عدالتی تصفیے سے روکا تاکہ وہ اپنے بیٹے کو جانشین بنا سکیں۔
سابق سکیورٹی چیف نے کہا کہ نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے کیونکہ انہوں نے سیاسی مفادات کے لیے قیدیوں کے تبادلے کو ناکام بنایا اور تحائف وصول کر کے انصاف کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی۔












