پانچ ہزار روپے کے نوٹ ختم نہیں کر رہے۔ اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک نے پانچ ہزار روپے کے نوٹ کی واپسی کو مسترد کر دیا ہے۔ گورنر جمیل احمد نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ کرنسی نوٹوں کو نئے ڈیزائن اور سکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پانچ ہزار روپے کے نوٹ ختم  نہیں کر رہے۔ اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ کو واپس لینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ بیان گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اسٹیٹ بینک تمام کرنسی نوٹوں کو نئے ڈیزائن اور جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔

گورنر نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک بورڈ نے نئے ڈینومینیشنز کے ڈیزائن کو حتمی شکل دے دی ہے، جو وفاقی حکومت کی منظوری کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں۔ نئے کرنسی نوٹوں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، جبکہ پلاسٹک کرنسی نوٹوں کے اجراء پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے کہا کہ زیادہ مالیت کے نوٹ میں مداخلت معیشت کو غیر مستحکم کر سکتی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ گورنر کی وضاحت کے بعد یہ معاملہ ختم سمجھا جائے۔

کمیٹی اجلاس میں اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز پر ایس ایم ایس چارجز کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی کہ لازمی الرٹس مفت ہوتے ہیں، جبکہ اضافی سروس پیغامات پر چارجز لاگو کیے جاتے ہیں، جو ٹیلی کام کمپنیاں وصول کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کے ایس ایم ایس چارجز گزشتہ دو برسوں میں 0.04 روپے سے بڑھ کر 4 روپے فی پیغام سے زائد ہو چکے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں