اسرائیل کے مبینہ کیمیائی چھڑکاؤ کے بعد لبنان نے عالمی اداروں سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے، نمونوں کی جانچ جاری ہے۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی فوج کے مبینہ کیمیائی مواد کے چھڑکاؤ کے بعد لبنان نے بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لبنانی وزیر ماحولیات ڈاکٹر تمارا الزین نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے عیتا الشعب کے سرحدی علاقوں میں مشتبہ کیمیائی مواد چھڑکاؤ کیا ہے۔ فوجی سربراہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ اگر مواد زہریلا ثابت ہوا تو یہ حیران کن نہیں ہوگا۔
لبنانی وزیر ماحولیات نے مزید کہا کہ اسرائیل نے سفید فاسفورس سے جنوبی لبنان کی 9 ہزار ایکڑ زرعی اراضی تباہ کر دی ہے۔ زرعی ماہرین نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نمونے جمع کیے ہیں جن میں مٹی، گھاس اور درختوں کے پتے شامل ہیں۔ نمونوں کی جانچ بیروت اور یونان کی لیبارٹریوں میں کی جائے گی اور نتائج 48 گھنٹوں میں متوقع ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر مہلک کیمیائی مواد کا چھڑکاؤ ثابت ہوا تو لبنان بین الاقوامی اداروں کے سامنے اپنا مقدمہ رکھے گا۔












