آئی جی سندھ نے کچے کے علاقوں میں پولیس آپریشن کے دوران 27 ڈاکوؤں کی ہلاکت اور 123 ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں پولیس آپریشن کے دوران 113 مقابلے ہوئے، جن میں 27 ڈاکو ہلاک، 82 زخمی اور 123 ملزمان گرفتار ہوئے۔ 15 مغوی افراد کو بازیاب کرایا گیا، بعض افراد تین سال تک قید میں رہے۔
آئی جی سندھ نے میڈیا کو بتایا کہ کچے کا علاقہ طویل عرصے سے اغوا برائے تاوان، ہنی ٹریپ اور منظم جرائم کا مرکز رہا ہے۔ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا خاتمہ نہ ہو جائے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہ جعلی خرید و فروخت کی پیشکشوں یا خواتین کی آواز کے ذریعے شہریوں کو پھنساتے تھے۔ ڈاکوؤں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا اور تاوان کی رقم سے اسلحہ خریدا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی حمایت سے پولیس کو مؤثر کارروائی کی تقویت ملی ہے۔ کچھ مغوی اب بھی ڈاکوؤں کی تحویل میں ہو سکتے ہیں، تاہم آپریشن مکمل ہونے پر صورتحال واضح ہو جائے گی۔














