روسی ملٹری انٹیلیجنس کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ولادی میر الیکسیف کو ماسکو میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی کر دیا گیا۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روس کی ملٹری انٹیلیجنس (جی آر یو) کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ولادی میر الیکسیف کو ماسکو میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی کر دیا گیا۔
ایک نامعلوم حملہ آور نے لیفٹیننٹ جنرل الیکسیف پر ان کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کی، جس کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل الیکسیف 64 سال کی عمر میں یوکرین جنگ سے متعلق اہم فیصلوں میں براہ راست کردار ادا کر رہے تھے اور انہیں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے ‘ہیرو آف رشیا’ کے خطاب سے نوازا جا چکا ہے۔
امریکا نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی سائبر مداخلت کے الزام میں ان پر پابندیاں عائد کی تھیں جبکہ یورپی یونین نے 2018 میں برطانیہ کے شہر سالسبری میں سابق روسی ایجنٹ سرگئی اسکریپال کو زہر دیے جانے کے واقعے پر بھی پابندیاں لگائی تھیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ یوکرین کی جانب سے امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، تاہم یوکرین کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔











