امریکہ نے اسلام آباد میں امام بارگاہ پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بدترین شکل قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر خودکش حملے کی امریکہ نے شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اسے دہشت گردی کی بدترین شکل قرار دیا۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ دھماکے میں بے گناہ نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، اور امریکہ ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
بیکر نے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور پاکستانی عوام کو خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کی امن و سلامتی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔














