وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج کی اجازت ہوگی مگر آزادی اظہار کے نام پر سڑکیں بند نہیں کرنے دیں گے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہر شخص کو احتجاج اور جلسے جلوسوں کی اجازت ہے لیکن آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو سڑکیں بند نہیں کرنے دیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج کے لیے کئی مقامات ہیں، مرکزی سڑکوں پر احتجاج نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو تکلیف پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
یوم کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔
جماعت اسلامی نے شارع فیصل بند کر کے قانون کی خلاف ورزی کی، شارع فیصل بند کرنے کے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہونی چاہیے تھیں، ضیا لنجار نے کہا۔















