امریکا اور روس کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ‘نیو اسٹارٹ’ ختم ہو گیا ہے، جس سے عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کے خطرے میں اضافہ ہو گیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا اور روس کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کو محدود کرنے والا آخری معاہدہ ‘نیو اسٹارٹ’ اپنی مدت پوری ہونے کے بعد پانچ فروری کو ختم ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک نے اس معاہدے میں توسیع یا کوئی نیا متبادل منصوبہ طے نہیں کیا، جس سے عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کے خطرے میں اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ معاہدہ 2010 میں ہوا تھا اور اس کے تحت دونوں ممالک اپنے ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد 1550 تک محدود رکھنے کے پابند تھے۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے کے ایٹمی مراکز کا معائنہ بھی شامل تھا۔
روس کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک سفارتی ذرائع سے امن برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ وہ اب معاہدے کی کسی پابندی کے پابند نہیں رہے۔
ماہرین کے مطابق معاہدے کے خاتمے سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں بڑھنے کا خطرہ ہے، جس سے جنگ چِھڑ سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر نئے معاہدے کی بات چیت کی درخواست کی ہے۔
دنیا کی نظریں اپریل اور مئی میں ہونے والی عالمی کانفرنس پر ہیں جہاں ایٹمی طاقتوں کو تباہی سے بچنے کے لیے اقدامات بتانا ہوں گے۔











