نواز شریف کے حکم پر 25 سال بعد بسنت بحال، مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ تہوار پنجاب کے مختلف شہروں میں منایا جائے گا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ نواز شریف کے حکم پر 25 سال بعد بسنت کا تہوار بحال کر دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے موچی گیٹ کا دورہ کیا اور بسنت فیسٹیول کے حوالے سے دکانداروں اور شائقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیگر روایتی کھیلوں اور تہواروں کو بھی بحال کیا ہے، جن میں میلہ چراغاں اور ہارس اینڈ کیٹل شو شامل ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بسنت صرف لاہور میں ہی نہیں بلکہ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگوں کی قیمتیں کم کرنے کے لیے دکانداروں اور حکام سے بات چیت کی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کو محفوظ طریقے سے منائیں اور موٹر سائیکل پر حفاظتی راڈ لگا کر نکلیں۔ بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منائی جائے گی اور ان دنوں میں ٹرانسپورٹ مفت فراہم کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ الیکٹرو بس، میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین اور آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے رکشے شہریوں کے لیے مفت دستیاب ہوں گے۔















