نیب نے آئی ایس ایم مارٹ اسکینڈل کے متاثرین کو 600 ملین روپے واپس کیے، تقریب نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آئی ایس ایم مارٹ گروپ اسکینڈل کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس سے عوامی اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
نیب کی انتھک محنت کے نتیجے میں اب تک ایک ارب روپے کی ریکوری مکمل کی جا چکی ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 600 ملین روپے 3400 متاثرین میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ یہ تقریب نیب ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کی۔
اس کیس کا مرکزی ملزم جعلی کاروباروں کی آڑ میں عوام کو غیر حقیقی منافع کا جھانسہ دے کر اربوں روپے ہتھیا چکا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق تقریباً 3400 متاثرین نے 3.5 ارب روپے کے نقصان کی رپورٹ کی۔
نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے کیس میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ان رقوم کا سراغ لگایا ہے جو متحدہ عرب امارات منتقل کی گئی تھیں۔ بیرون ملک سے رقوم کی واپسی کے لیے یو اے ای حکام کے ساتھ تعاون جاری ہے۔
چیئرمین نیب نے اعلان کیا کہ مستقبل میں ایسے فراڈ سے بچنے کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ آئندہ مراحل میں متاثرین کو رقوم کی ادائیگی آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائے گی۔














