سنگاپور ائیر شو میں چینی جے-10 سی طیارے کا شاندار مظاہرہ

چین کے جے-10 سی طیارے نے سنگاپور ائیر شو میں شاندار مظاہرہ کیا، پاکستان نے اسے بھارت کے رافیل طیارے کے خلاف کامیابی سے استعمال کیا تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سنگاپور ائیر شو میں چینی جے-10 سی طیارے کا شاندار مظاہرہ

سنگاپور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے جدید جے-10 سی لڑاکا طیارے نے سنگاپور ائیر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا ہے۔ چین کی جانب سے یہ مظاہرہ جنوب مشرقی ایشیا میں اسلحے کی فروخت کو بڑھانے کی کوشش کے تحت کیا گیا۔

یہ طیارہ عالمی سطح پر اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب گزشتہ سال مئی میں پاکستان نے اس کا استعمال بھارت کے رافیل طیارے کو مار گرانے کے لیے کیا تھا۔ سنگاپور ائیر شو میں چینی فضائیہ کی ایروبیٹکس ٹیم کے چھ جے-10 سی طیاروں نے مشترکہ فضائی مظاہرہ پیش کیا جبکہ دو طیاروں نے انفرادی کرتب دکھائے۔

جے-10 سی ایک سنگل انجن، ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جسے چین کی چینگدو ائیرکرافٹ کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ جدید انجن اور فعال الیکٹرانکلی اسکینڈ ایریے ریڈار سے لیس ہے اور اس میں پی ایل-10 اور پی ایل-15 ائیر ٹو ائیر میزائل نصب کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان چین کے علاوہ واحد ملک ہے جو جے-10 سی طیارے استعمال کر رہا ہے، اور اس کے پاس طیارے کے 36 برآمدی ماڈلز کے ساتھ تقریباً 250 پی ایل-15 میزائل موجود ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ، پاکستانی فضائیہ کے ذریعے، بھارت کے رافیل طیاروں کے خلاف پہلی کامیاب فضائی لڑائی میں استعمال ہوا۔

دیگر متعلقہ خبریں