پی آئی اے اور ایئر فرانس-کے ایل ایم کے کارگو معاہدے سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں بہتری متوقع ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی ایئر لائن پی آئی اے اور عالمی ایوی ایشن گروپ ایئر فرانس-کے ایل ایم کے درمیان کارگو اشتراک معاہدہ 15 جنوری سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کارگو کو ایئر فرانس-کے ایل ایم کے عالمی نیٹ ورک تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
یہ معاہدہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ایک ہی ایئر وے بل پر پی آئی اے اور ایئر فرانس-کے ایل ایم نیٹ ورک استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ پی آئی اے کارگو دبئی، ریاض یا دمام کے ذریعے ایئر فرانس-کے ایل ایم نیٹ ورک سے منسلک ہو چکی ہے، جس میں یورپ کے اہم شہروں ایمسٹرڈیم، پیرس، برسلز، فرینکفرٹ، اسٹٹگارٹ اور ڈسلڈوف کے علاوہ امریکہ کے اہم شہر نیویارک، اٹلانٹا اور لاس اینجلس بھی شامل ہیں۔
یہ معاہدہ پی آئی اے کی کارگو صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا، جو عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو بہتر بنائے گا۔















