اسلام آباد ہائیکورٹ میں درختوں کی کٹائی کے کیس میں سی ڈی اے نے جواب جمع کرایا، وزیر اعظم آفس کی منظوری سے پیپر ملبری درختوں کی کٹائی کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں درختوں کی کٹائی کے کیس میں سی ڈی اے نے 6 صفحات کا جواب جمع کرایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ پیپر ملبری درختوں کی کٹائی وزیر اعظم آفس کی منظوری سے کی گئی۔
سی ڈی اے نے مزید بتایا کہ 2022 میں ہائیکورٹ نے ماحولیات سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ اس کمیٹی میں انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سمیت دیگر ادارے شامل کیے گئے تھے اور 2023 میں پولن الرجی کے خاتمے کے لیے اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس نے پولن الرجی کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔ عدلیہ کے فیصلوں اور ریسرچ کے بعد ماحول دوست درخت لگائے گئے۔
2022 میں اسلام آباد ہائی وے کے ساتھ پیپر ملبری درختوں کی کٹائی بھی کی گئی تھی۔ سی ڈی اے نے درختوں کی کٹائی روکنے سے متعلق درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی۔















