یو اے ای نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کو ایک ماہ کے لیے 6.5 فیصد شرح سود پر رول اوور کر دیا، یہ اقدام قرض کی مدت اور سود کی شرح پر مزید بات چیت کے لیے گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر قرض کو 6.5 فیصد سالانہ شرح سود پر ایک ماہ کے لیے رول اوور کر دیا۔ یہ قرض پاکستان کے مجموعی 16 ارب ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ ہے اور اس پر سالانہ 13 کروڑ ڈالر سود ادا ہوتا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ یو اے ای نے صرف ایک ماہ کے لیے قرض رول اوور کیا ہے، اس سے قبل یہ عمل ایک سال کے لیے ہوتا تھا۔ وفاقی اور اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق قرض کی مدت اور شرح سود پر مزید بات چیت کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
پاکستان نے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور عالمی شرح سود میں کمی کے باعث یو اے ای سے 2 سال کے لیے 3 فیصد شرح سود پر رول اوور مانگا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی قرض کی واپسی کی مدت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔
ذخائر زرمبادلہ پر دباؤ سے بچنے کے لیے پاکستان یو اے ای کے ساتھ بہتر ڈیل کی امید رکھتا ہے۔ قرض کی واپسی سے پیدا خلا کو کہیں اور سے پر کرنا پڑے گا۔















