مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر سرمایہ دارانہ نظام عوام کے لیے عذاب بن چکا ہے۔
جوہانسبرگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر سرمایہ دارانہ نظام عوام کے لیے عذاب بن چکا ہے۔
پاکستان کمیونٹی جوہانسبرگ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے اعزاز میں استقبالیہ منعقد ہوا، جس میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو جنوبی افریقہ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کی تاکید کی۔
مولانا فضل الرحمان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور جی ڈی پی میں استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے وطن کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کے لیے سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جمہوریت اور آمریت پر بحث جاری ہے، کہیں جمہوریت کے نام پر سرمایہ دارانہ نظام عذاب بنا ہوا ہے اور کہیں آمریت کے تحت کمیونزم عوام کا خون چوس رہا ہے۔















