بلوچستان کی کشیدہ صورتحال کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب سے بلوچستان جانے والے تمام راستے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے بتایا کہ بین الصوبائی سرحدی مقامات بواٹہ، راکھی گاج اور تونسہ موسی خیل روڈ پر ٹریفک معطل ہے، اور کسی گاڑی کو پنجاب سے بلوچستان جانے کی اجازت نہیں ہے۔
کوئٹہ، گوادر، پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے دہشت گرد حملے ناکام بنائے ہیں۔
گزشتہ 2 دنوں میں بلوچستان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 133 ہو چکی ہے جبکہ حملوں میں 15 جوان اور 18 شہری شہید ہو گئے ہیں۔














