پنجاب حکومت 3 سے 16 فروری تک 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف مکمل کرنے کے قریب ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی حکومت 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف مکمل کرنے کے قریب ہے، جو 3 فروری سے 16 فروری تک ہوگا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے اعلان کیا کہ رمضان سے قبل تاریخ کے سب سے بڑے اجتماعی شادیوں کے پروگرام کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہزاروں غریب والدین کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہے، جس کے تحت 5 ہزار بیٹیوں کے گھر آباد ہوں گے۔ فروری کے 13 دنوں میں 3040 شادیاں مکمل کی جائیں گی۔
پہلے فیز میں 1960 اجتماعی شادیاں ہو چکی ہیں، جبکہ دھی رانی پروگرام ہر مذہب کی بیٹیوں کے لیے مساوی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا فلاحی ویژن پورے پنجاب میں عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔















