پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ یہ ہر پاکستانی کو متاثر کرتا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ ہڑتال میں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن وعدے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی یقین دہانی کے باوجود موٹروے پولیس نے اسے تسلیم نہیں کیا، اور اگر معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو وہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ 268 روپے 38 پیسے ہوگئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔














