عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت 121 ڈالر سے کم ہوکر 114 ڈالر ہوگئی۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی منڈی میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جہاں سونے کے بعد چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ چاندی کی قیمت 121 ڈالر کی بلند ترین سطح کے بعد 7 ڈالر کی کمی کے ساتھ 114 ڈالر پر آ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق حالیہ تیزی کے بعد سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کے لیے بڑے پیمانے پر فروخت کی، جس سے قیمتوں پر دباؤ بڑھا۔ سونے کے بعد چاندی کی اس تیز گراوٹ نے سرمایہ کاروں اور تاجروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ چھوٹی مارکیٹوں میں قیاس آرائیوں کا عنصر زیادہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتیں حقیقی قدر سے زیادہ بڑھ جاتی ہیں۔ حالیہ تیزی بھی قیاس آرائیوں اور مختصر مدتی سرمایہ کاری کا نتیجہ تھی، جس کے ختم ہوتے ہی قیمتوں میں اصلاح دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ قلیل مدت میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ ہے، تاہم عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور مہنگائی کے خدشات قیمتی دھاتوں کی طلب کو سہارا دے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں قیمتوں کا انحصار مالیاتی پالیسیوں، امریکی ڈالر کی قدر، شرح سود اور سرمایہ کاروں کے رویے پر ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ محتاط حکمت عملی اپنائیں۔















