عمران خان کو صحتی مسائل پر جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کی سرجری کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بتایا ہے کہ عمران خان کو جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کی سرجری کی گئی۔
سلمان اکرم راجا نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق حکومتی بیانات غلط ثابت ہوئے اور انہیں ہفتے کی شام خفیہ طور پر اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بعد میں حقیقت تسلیم کی اور بتایا کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جبکہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر خرم بھی جیل گئے تھے۔
سلمان اکرم نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے باہر تقریباً 200 پارلیمنٹیرینز موجود ہیں اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی کوشش کی گئی، مگر وہ موجود نہیں تھے۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق اٹارنی جنرل اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو 16 درخواستیں دی جا چکی ہیں۔















