ایران کے اسپیکر نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر یورپی یونین کی مذمت کی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کی جانب سے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یورپ اس اقدام کے ذریعے دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب دنیا کی مضبوط ترین انسدادِ دہشت گردی قوتوں میں شامل ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ صرف وہی عناصر پاسدارانِ انقلاب کے انسدادِ داعش کردار کو نظرانداز کر سکتے ہیں جو خود دہشت گردوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق یورپی ممالک کے ایسے اقدامات مستقبل میں پشیمانی کا باعث بنیں گے۔
یورپی یونین نے یہ فیصلہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر میں کیا ہے، جس کے تحت پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے ساتھ ساتھ ایرانی وزیر داخلہ سمیت متعدد حکام پر نئی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔
دوسری جانب، امریکا نے یورپی یونین کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ پاسدارانِ انقلاب ایران کے اندر اور باہر دہشت گردی کے لیے حکومت کا بنیادی ہتھیار ہے۔ واشنگٹن نے یاد دلایا کہ امریکا نے 2019 میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے سابق سربراہ محمد البرادعی نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ صورتحال عراق جنگ سے پہلے کے حالات کی یاد دلاتی ہے۔ ان کے بقول، ایران کے خلاف یکطرفہ فوجی دھمکیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔













