محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری تک ملک میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی، شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دوران شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں یکم سے 3 فروری کے درمیان ہلکی بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ اور دیگر علاقوں میں بھی برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں بھی 31 جنوری اور یکم فروری کو سڑکوں پر پھسلن کا امکان ہے۔















