مسٹر بیسٹ کی ویڈیو میں لیب میں تیار چکن پر نئی بحث، جو خلیات کی مدد سے بغیر مرغی ذبح کیے تیار ہوتا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مسٹر بیسٹ کی لیب میں تیار کردہ چکن پر ویڈیو نے خوراک کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ یہ ویڈیو امریکہ میں اپسائیڈ فوڈز کی لیب کا دورہ کرتے ہوئے بنائی گئی، جہاں چکن کو خلیات کی مدد سے بغیر مرغی ذبح کیے تیار کیا جاتا ہے۔
اس عمل میں مرغی کے انڈے سے خلیے لیے جاتے ہیں، جنہیں خاص ٹینکوں میں قدرتی طور پر بڑھنے دیا جاتا ہے۔ چند ہفتوں میں یہ خلیے چکن کا گوشت بن جاتے ہیں۔ مسٹر بیسٹ نے لیب اور عام چکن دونوں کا ذائقہ چکھا اور فرق محسوس نہیں کیا۔
امریکی حکومت نے اس گوشت کو کھانے کی اجازت دے دی ہے، اور جون 2023 میں اپسائیڈ فوڈز کو فروخت کی منظوری ملی۔ ماہرین کے مطابق یہ گوشت محفوظ اور عام چکن جیسا ہے۔
مسٹر بیسٹ کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر مختلف آراء کو جنم دیا، کچھ لوگوں نے اس طریقے کو جانوروں کی زندگی بچانے کے طور پر دیکھا جبکہ کچھ نے اسے غیر قدرتی سمجھا۔















