امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان سے متعلق نئی ٹریول ایڈوائزری، شہریوں کو نظرثانی کا مشورہ

امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر پر نظرثانی کا مشورہ دیتے ہوئے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیا ہے۔ لیول 3 میں شامل علاقوں میں سفر سے قبل سنجیدگی سے غور کریں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان سے متعلق نئی ٹریول ایڈوائزری، شہریوں کو نظرثانی کا مشورہ

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر پر نظرثانی کا مشورہ دیا ہے۔ 26 جنوری کو جاری کی گئی سفری ایڈوائزری میں سکیورٹی خدشات، جرائم، سول بے چینی، دہشت گردی اور اغوا کے خطرات کا حوالہ دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں پاکستان کو لیول 3 میں رکھا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ مسافروں کو سفر سے قبل سنجیدگی سے دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ محکمہ نے خبردار کیا کہ دہشت گرد حملے بغیر وارننگ ہو سکتے ہیں اور ٹرانسپورٹ مراکز، ہوٹل، بازار، شاپنگ مالز، فوجی و سکیورٹی تنصیبات، ہوائی اڈے، ٹرینیں، اسکول، اسپتال، عبادت گاہیں، سیاحتی مقامات اور سرکاری عمارتیں عام اہداف ہو سکتی ہیں۔

ایڈوائزری کے مطابق خیبر پختونخوا کے کچھ حصوں کو لیول 4 میں رکھا گیا ہے، جس کے تحت ان علاقوں میں کسی بھی وجہ سے سفر سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ لیول 4 علاقوں میں قتل اور اغوا کی کوششیں عام ہیں، جن کا نشانہ سرکاری عہدیداران اور عام شہری بھی بن سکتے ہیں۔

محکمہ خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ مقامی قوانین کے تحت اجازت کے بغیر مظاہرے ممنوع ہیں اور ایسے مظاہروں میں شرکت پر امریکی شہریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ لیول 3 ایڈوائزری سکیورٹی کے سنگین خطرات کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ لیول 4 سب سے اعلیٰ درجے کی وارننگ ہے جس میں ہر قسم کے سفر سے گریز کی ہدایت کی جاتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں