پاکستان میں نیپا وائرس کے خدشے پر ہائی الرٹ جاری، بھارت کے پھیلاؤ کے بعد پوائنٹس آف انٹری پر سخت نگرانی کے احکامات۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ حکومت نے بھارت میں وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان کے تمام پوائنٹس آف انٹری پر سخت نگرانی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے پیش نظر انٹرنیشنل ائیر پورٹس، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ تمام مسافروں، عملے اور ڈرائیورز کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی۔ بغیر بارڈر ہیلتھ سروسز کی کلیئرنس کسی فرد کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل سفری اور ٹرانزٹ ہسٹری کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ نیپا سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے یا گزرنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ پوائنٹس آف انٹری پر تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ لازمی ہوگا، بخار یا دیگر علامات کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔
نیپا وائرس کی علامات میں بخار، سر درد، سانس کی تکلیف اور اعصابی علامات شامل ہیں۔ مشتبہ مریض کو فوری آئسولیٹ کرکے متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفری معلومات چھپانے یا غلط بیانی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔















