ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ خطے میں جنگ کے خطرات بڑھا دے گا اور ایران جوہری مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ خطے میں جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کا خطرہ بڑھا دے گا۔ ان کے مطابق سفارتکاری کا راستہ ابھی بھی موجود ہے اور ایران جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
حکان فدان نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی خطے کے مفاد میں نہیں ہوگی اور مذاکرات کے آغاز کی صورت میں ایران جوہری مسئلے پر بات چیت کے لیے آمادہ ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے امریکی حکام کو مشورہ دیا ہے کہ ایران سے متعلق معاملات کو مرحلہ وار حل کریں اور جوہری مسئلے سے آغاز کریں۔ انہوں نے دو ماہ قبل ایران کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ایرانی قیادت کے ساتھ کھل کر بات چیت ہوئی۔
بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحری بیڑے کو ایران کی جانب روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایران نے کسی بھی جارحیت کی صورت میں سخت جواب دینے کی تنبیہ کی ہے۔











