لاہور میں شہری نے ‘ماریا بی’ اور کورئیر کمپنی کے خلاف کپڑوں کی بجائے آٹے کی بوری بھیجنے پر عدالت سے رجوع کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک شہری نے معروف برانڈ ‘ماریا بی’ اور کورئیر کمپنی کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کو کپڑوں کی بجائے آٹے کی بوری بھیجی گئی۔
درخواست گزار نے بتایا کہ انہوں نے یکم دسمبر کو ‘ماریا بی’ سے پچپن ہزار روپے کے کپڑے آن لائن خریدے تھے، لیکن 4 دسمبر کو کورئیر کمپنی نے آٹے کی بوری کا پارسل ڈیلیور کردیا۔ شہری نے برانڈ سے رابطہ کیا مگر کوئی جواب نہیں ملا۔
بعد ازاں، برانڈ نے رقم کی واپسی کی یقین دہانی کروائی لیکن واؤچر دینے کی پیشکش کی، جسے درخواست گزار نے فراڈ قرار دیا۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ رقم پچیس فیصد سود کے ساتھ واپس دلائی جائے اور اذیت کے عوض دو لاکھ روپے ہرجانہ دلوایا جائے۔ عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 31 جنوری تک جواب طلب کرلیا ہے۔















