پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی سے عمر ایوب اور شبلی فراز مستعفی

عمر ایوب نے قانونی اور سیاسی مصروفیات کے باعث پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
عمر ایوب کا پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی میں شمولیت سے انکار

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی سے سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان اور سینیٹر شبلی فراز نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کمیٹی میں شمولیت سے معذرت کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا۔

عمر ایوب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قانونی اور سیاسی مصروفیات کے باعث وہ پولیٹیکل کمیٹی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اس وقت نہ رکنِ پارلیمنٹ ہیں اور نہ ہی کسی پارٹی عہدے پر فائز ہیں، اس لیے پولیٹیکل کمیٹی کی رکنیت صرف موجودہ عہدیداران تک محدود ہونی چاہیے۔

عمر ایوب خان نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کارکن تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو پولیٹیکل کمیٹی میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی۔

دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز نے بھی پولیٹیکل کمیٹی سے استعفیٰ دیتے ہوئے شمولیت سے معذرت کر لی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو ارسال کیے ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی میں صرف موجودہ آفس ہولڈرز کو شامل کیا جائے تاکہ تنظیمی اور پارلیمانی معاملات بہتر اور مؤثر انداز میں چلائے جا سکیں۔

دیگر متعلقہ خبریں